جس سیاستدان کا جہاں مفاد وہیں بھاگنا چاہتا ہے‘ ہمارا پاکستان سے باہر ٹکے کا کاروبار نہیں : فواد چوہدری
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جہاں، جہاں جس سیاستدان کا مفاد ہے وہ اس ملک میں بھاگنا چاہتا ہے جس کے کاروبار باہر ہیں وہ وہاں جانا چاہتے ہیں اور ہمارا پاکستان سے باہر ایک ٹکے کا کاروبار نہیں ہے۔ ہمارا مفاد پاکستان میں ہے ہمیں پاکستان کو سنوارنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ جس کا جہاں مفاد ہو گا وہ وہاں پر بھاگے گا اور وزیراعظم نے تو صرف یہ کہا ہے کہ بہت سارے لوگوں کے دل باہر دھڑکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جیسے لوگ جن کا پاکستان سے باہر ایک ٹکے کا بھی کاروبار نہیں تو ظاہر ہے ان لوگوں کا مفاد پاکستان میں ہے اور جن کا مفاد باہر ہے وہ باہر جانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان کو اٹھائیں جہاں ہم نے ہمیشہ رہنا ہے جہاں ہمارے دادا، پردادا کی قبریں ہیں اور جہاں ہماری قبریں ہونی ہیں۔ فواد حسین نے کہا ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری اور بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کو تحریک کی شکل دی، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عوام کی بے بسی کے احساس کو ختم کیا، اپنے اقدامات کے ذریعے عدلیہ کے ادارے پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ چیف جسٹس کے ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پہلی مرتبہ طاقتور افراد قانون کے کٹہرے میں جوابدہی کے عمل سے گزرے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملک میں آبی قلت کے خاتمہ کےلئے ڈیموں کی تعمیر کا عظیم مشن شروع کیا، ان کے اس عظیم مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
فواد چودھری