معاشی ترقی کے اصلاحاتی پروگرام شروع کر رہے ہیں: چیئرمین ایس ای سی پی
کراچی (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے چئیرمین فرخ سبز واری کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں اور حکومت کی سرمائے کی فراہمی کی دیگر ضروریات کو احسن انداز سے پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وہ جمعرات کو کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کے ساتھ ہونے والے اجلاس سے خطا ب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے کمشنر سکیورٹیز مارکیٹ ڈویژن، شوذب علی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبین، پی ایس ایکس کے حکام موجود تھے۔فرخ سبز واری نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایس ای سی پی، معاشی ترقی کے حکومتی ایجنڈا کے مطابق،ا سٹاک مارکیٹ کی ڈویلپمنٹ اور فروغ کے لئے اصلاحات کا پروگرام شروع کر رہا ہے تا کہ اس مارکیٹ کو دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں کے ہم پلہ بنایا جا ئے۔ اجلاس کے آغاز میں گزشتہ چند سالوں میں اسٹاک مارکیٹ میں کی گئی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد مارکیٹ میں گہرائی اور وسعت پیدا کرنے کے لئے ضروری اقدامات جیسے کہ نئی مصنوعات کو بروقت متعارف کروانا، سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنا، مارکیٹ کی ترقی کے لئے جامع اصلاحات کا پروگرام ترتیب دینا اور مارکیٹ کی وسعت اور سرمایہ کاروں میں اضافے کے لئے آگہی کے پروگرام اور دیگر اہم ایشوز پر بات کی گئی۔سٹاک مارکیٹ میں نئی لسٹنگ کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے سہلولتوں کی فراہمی اور میڈیم اینڈ سمال انٹر پرائزیز کی لسٹنگ کے لئے اقدامات کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اس بات کو بھی زیر غور لایا گیا کہ اسٹاک مارکیٹ کا سرمائے کی فراہمی کا اہم پلیٹ فارم ہے اور اس کو مزید مستعد کیا جا سکتا ہے۔ فرخ سبز واری نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس پوزیشن میں ہے کہانفراسٹرکچرکے بڑے منصوبوں اور حکومت کی سرمائے کی دیگر ضروریات کو احسن انداز میں پورا کر سکتی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ نے ایس ای سی پی کے چیئرمین اور ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور مارکیٹ کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔