عوامی مسائل حل کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنانے کا فیصلہ
عوامی مشکلات کے حل کے لئے نیشنل ایکشن پلان بنانے کا فیصلہ ۔ سندھ کے مسائل حل کرنے کے لئے وفاق کردار ادا کرے گا: وزیراعظم کی ایم کیو ایم کے قانونی دفاتر کھولنے کی یقین دہانی ۔ حکومت کی طرف سے عوام کے مسائل کے حل کے لئے نیشنل ایکشن پلان بنانے کے فیصلے سے اُمید کی جا سکتی ہے کہااس سے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کی کوئی راہ ضرور نکل آئے گی۔ روایتی سست رفتاری کی ماری ہماری سرکاری بیورو کریسی اور ادارے برق رفتاری سے کام کرنے کی صلاحیت کھو چکے ہیں۔ سیاسی دبائو اور کرپشن نے ان کی قوت سلب کر رکھی ہے۔ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں اگر عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی حقیقی ایکشن پلان مرتب کرتی ہے تو اس پر سو فیصد عملدرآمد کرانے کی ذمہ داری بھی انہیں قبول کرنا ہو گی، ورنہ اسی روایتی بھیڑ چال میں یہ اچھا کام بھی رائیگاں جا سکتا ہے۔ ملک کے عوام اس وقت گونا گوں مسائل کا شکار ہیں۔ ہر حکومت انہیں وعدوں کی ٹافی دے کر بہلاتی رہی ہے۔ تمام صوبوں کے عوام کو نئی حکومت سے بہت امیدیں ہیں۔ وزیراعظم نے کراچی میں مسائل کے حل کے اسی عزم کا اظہارکیا ہے اور سندھ کو درپیش سیاسی اور معاشی مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔وفاقی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ سندھ ہو یا کوئی بھی صوبہ وہاں کے عوام کو کرپشن اور سیاسی مداخلت سے نجات مل سکے۔ اُمید ہے نئے قومی ایکشن پلان سے عوام کے سیاسی معاشی اور دیگر مسائل کے حل کا موثر راستہ نکل آئے گا …