قومی اسمبلی میں عمران خان اور شیخ رشید کی پارلیمنٹ کو گالیاں دینے کے خلاف مذمتی قرار دادمنظور
قومی اسمبلی میں جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی پارلیمنٹ کو گالیاں دینے کے خلاف مذمتی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔ قرار داد کے تحت واضح کیا گیا ہے کہ یہی پارلیمنٹ ہی جمہور کا نمائندہ ادارہ ہے اور کسی دوسرے نظام کی ملک میں ضرورت نہیں ہے ۔ قرار داد وفاقی وزیر فنی و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے پیش کی ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید احمد کے لاہور کے جلسہ میں لعنتی اور ہزار بار لعنت جیسے الفاظ کا پارلیمان کے لیے استعمال پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اس طرح انہوں نے اس معزز ایوان کی عزت و توقیر کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے جس کے وہ خود بھی ممبرز ہیں ۔ پارلیمان 70 کروڑ عوام کا نمائندہ ادارہ ہے ان الفاظ کو کہنے سے انہوں نے عوام کی تذلیل کی کوشش کی ہے جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان اس کے ارکان کو پختہ یقین ہے کہ پاکستان کا استحکام اور سربلندی جمہوریت سے وابستہ ہے جو بانی پاکستان کے وژن اور آئین کے مطابق ہے یہ ایوان جمہور کا نمائندہ ادارہ ہے اور کسی دوسرے نظام کی ملک میں ضرورت نہیں ہے قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔