جنوبی کوریا کے سفیر سے ملاقات، باہمی تجارت بڑھائی جائے: شجاعت/ پرویز الہٰی
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر سونگ جونگ ہان نے ق لیگ کے صدر سنیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الہٰی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ق لیگی قائدین نے معزز مہمان کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے روزگار کے سلسلہ میں مقیم پاکستانیوں سے بہتر سلوک پر جنوبی کوریا کی حکومت اور عوام سے دلی تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے عوام جنوبی کوریا کے ساتھ بہتر تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور امید ظاہر کی جنوبی کوریا اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص باہمی تجارتی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ وسعت دینے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے اور تجارت کا حجم موجودہ سطح سے کم از کم دوگنا کیا جائے گا۔