حکومت کورم پورا نہ کر سکی: دونوں ایوانوں کے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
پیر کو پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں حکومت کورم پورا رکھنے میں ناکام رہی۔ قومی اسمبلی میں کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے سپیکر کو قومی اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر کے لئے ملتوی کرنا پڑا سپیکر نے ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی کے باعث اسے مزید ایک اور روز جاری رکھنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا جب کہ سینٹ میں چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا تاہم انہوں سینٹ کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اپوزیشن کی ریکویذیشن پر اجلاس سینٹ کا اجلاس 28فروری2020ء کو طلب کر لیا ہے۔ سینٹ میں اپوزیشن نے آئی ایم ایف کے چین سے متعلق بیان پر حکومت سے وضاحت طلب کر لی ہے، اس مسئلے کی فوری وضاحت کی ضرورت ہے،آئی ایم ایف کے وفد کو یہ جرات کس طرح ہوئی کہ وہ یہ بات کہے کہ پاکستان کو چاہیئے کہ وہ چین کے ساتھ اپنے انحصار کو کم کرے، یہ ہماری خودمختار ی پر حملہ ہے، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ چین ہمارا سب سے بڑا قابل اعتماد دوست ہے اور رہے گا اور اس کے علاوہ کوئی دوسرا نعم البدل نہیں، اپوزیشن ارکان نے مشیر خزانہ کی ایوان میں عدم موجوگی پر ایوان سے واک آئوٹ کر دیا۔ پیرکو سینٹ کے اجلاس میں سینیٹر جاوید عباسی اور سینیٹر مشاہد حسین سید کی جانب سے آئی ایم ایف کے بیان کے خلاف تحریک التوا پیش کی گئی۔ سینیٹر جاوید عباسی نے تحریک التوا پیش کی جس میں آئی ایم ایف کے بیان پر تنقید کی گئی، سینیٹر مشاہد حسین سید نے اخبار کی خبر کی حکومت کی جانب سے تردید نہیں کی گئی ، اس مسئلے کی فوری وضاحت کی ضرورت ہے، سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پارلیمنٹ کے ساتھ شیئر نہیں کیاگیا۔ سینٹ میں گندم اور آٹے کے حالیہ بحران پر قرارداد مذمت منظور کر لی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں اشیا کے داموں میں غیر معمولی اضافہ اور ملک میں ریکارڈ مہنگائی کے رجحان نے غربت میں مبتلا عوام کی توڑ کر رکھ دی ہے۔قومی اسمبلی نے انضباط غیر ملکی زرمبادلہ (ترمیمی ) بل 2020اور انسداد تطہیر (ترمیمی ) بل 2020 کثرت رائے سے منظور کر لئے جبکہ اقوام متحدہ(سلامتی کونسل) (ترمیمی ) بل 2020ایوان میں پیش کردیا گیا، اقوام متحدہ(سلامتی کونسل) (ترمیمی ) بل 2020 کا مقصد اقوام متحدہ (سیکورٹی کونسل ) ایکٹ1948کے تحت سلامتی کونسل کی قراردادوں کے اطلاق کے لئے جاری کردی قومی اسمبلی میں سپیکر اسد قیصر نے سندھ میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) کے مطالبہ پر وزارت قانون سے رائے طلب کر لی ہے اور فیصلہ کیا کہ وزارت قانون سے رائے لینے کے بعد واقعہ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) یا پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، حکومت نے صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) بنانے کی حمایت کردی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مخالفت کردی، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے صحافیوں کی حمایت میں ایوان سے واک آئو ٹ کر دیا۔