کشمیر بارے یو این سیکرٹری جنرل کا بیان اس تنازعے پر پاکستان کے موقف کی فتح ہے. فردوس عاشق اعوان
اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان اس تنازعے پر پاکستان کے موقف کی فتح ہے۔
انہوں نے منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیان کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی انتہا پسند پالیسیوں کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ نہیں ہو رہا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ انتونیو گتریز نے دنیا پر بھی زور دیا کہ وہ لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لئے آگے بڑھے جن کی پاکستان چار عشروں سے زائد عرصے سے کفالت کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کاامن و استحکام افغانستان میں امن سے وابستہ ہے اور پاکستان ایک مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لئے امن عمل کی مکمل حمایت کررہا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں عالمی گیمز کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے تعاون اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ٹیموں خصوصاً اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔