پاکستان کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرتارپور کا دورہ کیا ۔کرتار پور آمد پر وزیرمذہبی امور نورالحق قادری اورسکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا استقبال کیا۔انتونیو گوتریس کو کرتارپورراہداری منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ پاکستان میں سکھوں سمیت اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،کرتارپورمنصوبے کا مقصد سکھ برادری کو ان کے مقدس ترین مذہبی مقام تک باآسانی رسائی دینا ہے۔انتونیو گوتریس نے کرتار پورراہداری کمپلیکس کے مختلف حصے بھی دیکھے اور انہوں نے خصوصی دلچسپی لی،انہیں سکھ یاتریوں کو دی جانے والی سہولتوں سے بھی آگاہ کیا گیا،انتونیو گوتریس کو حکومت پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کے توسیعی منصوبے سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا جس میں بھارت کی جانب سے روڑے اٹکائے جانے کے باوجود سکھ برادری کو بآسانی رسائی فراہم کرنے کی پاکستانی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ایک اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے سکھ مت کے بانی بابا گرو نانک کے 550ویں جنم دن پر سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری کھولی تھی۔وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال 9 نومبر میں گوردوارے کرتار پور کا افتتاح کیا تھا، بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ کمیونٹی یہاں آ کر اپنے مذہبی فرائض انجام دیتی ہے۔کرتار پور وہ مقام ہے، جہاں سِکھوں کے پہلے گرو، نانک دیوجی نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے۔ یہیں بیک وقت ان کی سمادھی بھی ہے اور قبر بھی، جو سکھوں اور مسلمانوں دونوں کے لیے ایک مقدس مقام کی حیثیت رکھتی ہے۔بابا گرو نانک کو مقامی مسلمان آبادیاں ایک بر گزیدہ ہستی کا درجہ دیتی ہیں، جب کہ سکھ انہیں اپنے مذہب کا بانی کہتے ہیں۔اس گوردوارے سے قبل پاکستانی سرحد کی دوسری جانب سکھ یاتری پاکستانی سر زمین تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے تھے، اس لیے وہ گوردوارہ صاحب کو دیکھنے کے لیے دور بینوں کا استعمال کیا کرتے تھے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024