وزیراعظم کا صحافی عبدالعزیز کے قتل کا نوٹس،آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب، بلاول کی بھی مذمت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے صحافی عبدالعزیز میمن کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے آئی جی سندھ سے 72 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔ اس حوالے سے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافی عبدالعزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قاتلوں کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ وزیراعظم نے عبدالعزیز کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے 72 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محراب پور میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عزیز میمن کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ عزیز میمن کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں، ہر مقتول کے ورثاء کا غم میں سمجھ سکتا ہوں۔ صحافیوںکیتحفظ کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ پر پیپلز پارٹی کا ہمیشہ واضح موقف رہا ہے۔