قومی اسمبلی کا اجلاس پھر کورم کی کمی کا شکار‘حکومت کو سبکی
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) قومی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر کورم کی کمی کا شکار ہو گیا، وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جواب دینے کے لیے ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی پر حکومت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا، پیپلز پارٹی کی طرف سے سندھ میں آئی جی پولیس تعینات نہ کر نے پر احتجاج کیا گیا۔ اجلاس دوبارہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں شروع ہوا تو صحافیوں نے محراب پور سندھ میں صحافی عزیر میمن کے قتل کے خلاف پریس گیلری سے واک آئوٹ کیا جس پر وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری پریس گیلری میں آئیں اور صحافیوں کے مطالبات سنے، ایوان میں پیپلز پارٹی نے وفاق کی طرف سے صوبہ سندھ میں آئی جی پولیس تعینات نہ کر نے پر احتجاج کیا، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلی کی طرف سے وفاق کو پانچ نام بھیجے گئے ہیں لیکن وفاق کی طرف سے آئی جی کو تعینات نہیں کیا جا رہا۔