پنجاب میں ترقی نام کی کوئی چیز نہیں‘ اب دھول اڑ رہی ہے: رانا ثناء
لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں سے مسلم لیگ (ن) پروفیشنل ونگ کے وفد نے سعدیہ تیمور کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ خاں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہر شعبہ مثالی انداز میں کام کررہا ہے۔ پروفیشنل ونگ کی ماضی میں بہترین کارکردگی رہی۔ آئندہ بھی پروفیشنل ونگ بہترین انداز میں کام کرے گا۔ شہباز شریف نے بہت محنت سے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں مثالی اقدامات کئے گئے مگر موجودہ حکومت نے سب کچھ تباہ کردیا۔ اب پنجاب میں دھول اڑ رہی ہے۔ پنجاب میں ترقی نام کی کوئی چیزنہیں ہے۔ تحریک انصاف کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ عوام اب تحریک انصاف سے بیزار ہوگئے ہیں۔ سعدیہ تیمور نے بتایا کہ پروفیشنل ونگ ہر وقت قائدین کی آوازپر لبیک کہنے کو تیار ہے۔ ہر لمحہ پارٹی کے ساتھ ہیں۔ قائدین کی ہدایات کی روشنی میں اس ونگ کو مزید متحرک کریں گے۔ حکومت کی ناکامی سب کے سامنے ہے۔ پنجاب اسمبلی میں حکومت پنجاب کسی بھی معاملہ پر گرفت نہیں رکھتی۔ پارلیمانی سطح پر تحریک انصاف کئی حصوں میں تقسیم ہے۔