غیر مشروط معافی مانگنے پر ڈی سی لاہور کے وارنٹ گرفتاری واپس
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے شہری کی زمین انتقال نہ کرنے کے معاملہ میں ڈی سی لاہور دانش افضال کی غیر مشروعط معافی مانگنے پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری واپس لے لئے ‘ جس کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے وارنٹ واپس لے لئے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ملک عبدالباری کی درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ڈی سی نے زمین کی نشاندہی نہیں کی، عدالتی حکم پر ڈی سی لاہور عدالت پیش ہو گئے، عدالت نے ڈی سی لاہور پرسخت اظہار برہمی کرتے کہا کہ احکامات کی عدم تعمیل پر کیوں نہ آپ کو عہدے سے ہٹانے کا لکھا جائے۔ نوٹس ملنے کے باوجود عدالت کیوں پیش نہیں ہوتے۔ شہری کی زمین کا انتقال کیوں نہیں کیا گیا، ڈی سی لاہور نے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگتے کہا کہ مجاز اتھارٹی اسسٹنٹ کمشنر نے پٹواری کومعطل کر دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ انتظامیہ پہلے سوئی رہی عدالتی حکم آیا تو جاگ گئی۔ آئندہ سماعت پر جائزہ لیں گے کہ ڈی سی کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی بنتی ہے یا نہیں‘ عدالت نے آئندہ سماعت پرعمل درآمدرپورٹ ‘ پٹواری کی معطلی کا ریکارڈ پیش کا حکم دیتے سماعت ملتوی کر دی۔