وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مطابق عوام کی خدمت ہی تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے، حکومت تمام تر توجہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔ سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کا سفر شروع ہوچکا ہے، اب رکے گا نہ کوئی رکاوٹ برداشت کریں گے۔ غریب کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا لیکر آئے ہیں، عام آدمی کی حالت بدلیں گے۔
مرکز میں وزیراعظم عمران خان کی طرح وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار پنجاب میں خدمت خلق کابیڑا اٹھائے ہوئے جانب منزل رواں دواں اور عام آدمی کی حالت بدلنے کے مشن پر گامزن ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہوں نے بھی عوامی خدمت کے مشن کی راہ میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو خاطر میں نہ لانے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ اس سلسلے میں ’’رکاوٹوں‘‘ کے حوالے سے یقینا ان کا اشارہ مافیا کی طرف ہوگا جن سے نمٹنے کیلئے ان کو وزیراعظم جیسا دبنگ لب و لہجہ ہی اختیار کرنا پڑے گا۔انتظامی معاملات میں معمولی کمزوری اور گڈگورننس میں ذرا سی لچک آپ کو عوامی خدمت کے مشن سے کوسوں دور لے جاسکتی ہے پھر اسی معمولی کوتاہی اور غفلت کو تاریخ ’’لمحوں کی خطائ، صدیوں کی سزا‘‘ سے تعبیر کرتی ہے لہٰذا ابھی وقت ہے، عوامی خدمت کا مشن یقینی بنائیے۔ رکاوٹیں بننے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رو رعایت نہ برتی جائے خواجہ وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔ عام آدمی کی حالت اسی صورت بدلے گی جب ضروریات زندگی تک اس کی رسائی آسان ہوگی۔ پھر حقیقی تبدیلی بھی نظر آئے گی‘ فلاحی ریاست کا خواب بھی تعبیر پائے گا اور مملکت کے خدوخال تصور قائد و اقبال کے مطابق ڈھل جائیں گے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024