نئی تاریخ رقم ہوگئی۔ پاکستان بھارت کو دھول چٹا کر پہلی بار کبڈی کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ دفاعی چیمپئن بھارتی ٹیم اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ فائنل میں میزبان پاکستان ٹیم نے 41کے مقابلے میں 43پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرکے کبڈی کا ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ کھیلوں کے حوالے سے دونوں ممالک کے عوام جذباتی ہیں۔ بھارت کو ہر شعبہ میں برتری کا زعم ہے۔ پاکستان کی جیت اسے کبھی گوارہ نہیں رہی۔ پاکستان کی کیا، وہ کسی بھی ملک خصوصاً مسلم ممالک کی کامیابی کو برداشت نہیں کرسکتا۔ اسکے کھلاڑیوں کی فطرت میں بھی بھارتی میڈیا اور بھارتی سرکار جیسی رعونت در آئی ہے۔ بنگلہ دیش سے انڈر 19 فائنل میں شکست کے بعد بھارتی کھلاڑی بنگلہ دیشی ٹیم پر پل پڑے۔ کبڈی میچ میں بھی شکست کے نمایاں آثار دیکھتے ہوئے بھارتی انتظامیہ کھلاڑیوں کو سرکل سے باہر لے گئی، تاہم انہیں منا لیا گیا۔ بھارت پاکستان میں کھیلوں کا دشمن ہے۔ وہ پاکستان میں بدامنی کا تشخص اجاگر کرتا رہا ہے تاہم اب بھارت نے پاکستان میں امن کی صورتحال میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے ہی اپنی ٹیم بھیجی ہے۔ بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان نے میچ سے قبل اپنی گفتگو میں پاکستان کے بارے میں مثبت، مافی الضمیر کا اظہار کیا۔ نمی گوپال پوریا نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انہیں بہت پیار ملا ہے، موقع ملا تو پھر پاکستان آنے کی خواہش ہے۔ ملک بھر میں اس عزیمت پر جشن منایا گیا۔ ویلڈن کبڈی ٹیم۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024