پاکستان سپرلیگ:پی سی بی اور اوساکا بیٹریز کے درمیان معاہدہ
لاہور( سپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لئے پی سی بی اور اوساکا بیٹریز کے درمیان سپانسر شپ کا معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلہ میں لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر اوساکا بیٹریز مصطفیٰ بن طلحہ مینجر مارکیٹنگ فہد خان اور چیف ایگزیکٹیو ٹرانس میڈیا راؤ عمر ہاشم خان بھی موجود تھے۔ اوساکا بیٹریز کے برینڈ ایمبیسیڈر سہیل احمد بھی موجود تھے۔سی او او سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ مکمل طور پر پاکستان میں آ گئی ہے۔ سپانسرز کا ہمیں تعاون حاصل رہا ہے جس کے بغیر اتنا بڑا منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا ہے۔ اوساکا بیٹریز دو سال سے کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہے۔ امید کرتے ہیں کہ اوساکا بیٹریز اسی طرح کرکٹ بورڈ کو سپورٹ کرے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اوساکا بیٹریز مصطفی بن طلحہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا پاکستان میں انعقاد پی سی بی کی بہت بڑی کاوش ہے تمام کھلاڑی اپنی ہوم گراؤنڈ میں جلوہ گر ہوں گے۔اوساکا بیٹریز بہت عرصے سے کرکٹ کے ساتھ ہے۔