وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان اتنے مقبول ہیں کہ اگر پاکستان میں الیکشن لڑیں تو مجھ سے زیادہ ووٹ لیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد نے خود کو پاکستان کا سفیر کہہ کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج جب میں نے اپنا فون دیکھا تو مجھے لگا کہ شہزادہ سلمان پاکستان میں اتنے مقبول ہیں کہ اگر وہ یہاں الیشکن لڑیں تو مجھ سے زیادہ ووٹ حاصل کریں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق وسعت اختیار کررہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 2018 میں 5 فیصد ترقی ہوئی، پاکستان کے پاس دنیا کی بڑی معیشت بننے کی اہلیت ہے۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان جیواسٹریٹیجک اعتبار سے اہم ملک ہے، آج کا دن روشن مستقبل کی شروعات ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا ہے۔