مودی سرکار ہر الیکشن سے قبل پاکستان کیخلاف نعرے لگاتی ہے: حماد اظہر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مودی سرکار کا پروپیگنڈا سیاسی چال ہے جبکہ بھارت کی گیڈر بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ مودی سرکارکا وطیرہ ہے کہ وہ الیکشن سے پہلے پاکستان کے خلاف نعرہ لگاتی ہے، پاکستان سے تجارتی تعلقات ختم کرنے کا نقصان بھارت کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں کھیلے جانے والے تاریخی ایبک کپ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چائنہ کے بعد ملک میں سعودی عرب کی انویسٹمنٹ آرہی ہے۔ معاشی بحران سے نکلنے کیلئے ضرور کامیاب ہوں گے۔ کوشش ہے کہ سعودی سرمایہ کاری سے پیسہ پاکستان کے وسیع تر مفاد میں استعمال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہشات اور عمل کرنے میں بہت فرق ہے، ہم عمل کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اگر ن لیگ کے دور میں معاہدے ہوئے تو پیسہ کیوں نہیں آیا۔ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پہلی ترجیح معاشی بحران سے نمٹنا ہے، وزیر اعظم پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ملاقات دونوں فریقین کی مرضی سے ہوئی۔ ملاقات کوئی غلط بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔