وزیر ریلوے کے مزے
مکرمی! وزیر ریلوے شیخ رشید احمد آجکل خوش اخلاقی مہم کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے پہلے چھانگا مانگا جو ان کا آبائی گھر ہے لوگوں کے مسائل سننے سے انکار کیا پھر راستے میں مختلف اسٹیشنوں پر دیدار کراتے کراتے ایک مال بردار ٹرین کے ذریعے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر نمودار ہوئے یہاں پر ریلوے ملازمین نے اپنے مطالبات کتبوں پر لکھ کر شیخ صاحب کے سامنے کئے تو شیخ صاحب فوراً اپنے سیلون میں چلے گئے گویا شیخ صاحب کو آئینہ دکھایا تو شیخ صاحب روٹھ گئے۔ شیخ صاحب نے عوامی مسلم لیگ تو بنا لی لیکن عوامی لیڈر نہیں بن سکے۔ اگر عوامی لیڈر ہوتے تو مال بردار گاڑی کی بجائے عوامی گاڑی میں آتے۔ شیخ صاحب وزارت کے مزے لینے کے ساتھ ساتھ ٹرین مزے لے رہے ہیں بلکہ لوٹ رہے ہیں آخر شیخ صاحب ہیں کچھ نہ کچھ تو لوٹنا ہی ہے۔
(حافظ مسعود احمد -17 دیپال پور روڈ اوکاڑہ)