فیصل آباد: گیس لیکیج سے آتشزدگی‘ 5دکانیں خاکستر، شہریوں نے چھتوں سے کود کر جان بچائی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے گھنٹہ گھر چوک میں گیس لیکیج کے باعث آگ لگنے سے 5 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ شہریوں نے جانیں بچانے کیلئے بالائی منزل کی کھڑکیوں‘ چھت سے چھلانگیں لگا دیں۔ کئی افراد زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا کہ گھنٹہ گھر چوک میں واقع ایک آئس بار میں گیس لیکج کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 5دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیاجو جل کر خاکستر ہوگئیں۔ شہریوں نے جان بچانے کیلئے بالائی منزل کی کھڑکیوں سے چھلانگیں لگا دیں، کئی زخمی ہوگئے۔ گیس کی لیکج پر قابو پانے کے لئے کام جاری تھا کہ اس دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم ریسکیو1122 کی فاـئر فائٹر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو1122 کی 13 گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔ آگ پر تقریباً دو گھنٹے بعد قابو پایا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شدت حد سے زیادہ تھی جس کے باعث دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ قیمتی سامان بھی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ آگ کے باعث گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ آٹھوں بازاروں کے تاجر چوک گھنٹہ گھر میں جمع ہو گئے۔ اس دوران شہر بھر میں شدید خوف و ہراس بھی پایا جاتا رہا تاہم ریسکیو1122 کی فائر فائٹر ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا۔