شریف باپ بیٹی عوامی عدالت سے رجوع کی آڑ میں عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں: عمران خان
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)شریف فیملی تین سو ارب روپے کا حساب دینے کو تیار نہیں۔شریف فیملی سے حساب مانگا جائے تو وہ سڑکوں پلوں کی باتیں شروع کر دیتے ہیں۔یہ بات چیئرمیں تحریک انصاف عمران خان نے آج اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔عمران کان نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی کرپشن کے مقدمات سامنے لائیں گے۔شفقت محمود کی سربراہی میں اینٹی کرپشن کمیٹی قائم کر دی ہے۔ن لیگ کی منفی باتوں کا جواب مثبت انداز میں دیں۔پنجاب میں ہمارا ون آن ون مقابلہ ن لیگ سے ہے، عمران خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب سے وجود ختم ہو چکا ہے۔تحریک انصاف کا منشور عوام تک پہنچائیں۔ن لیگ کے پاس ذاتیات پر حملوں کے علاوہ کہنے کو کچھ نہیں۔پانچ سالوں کے دوران پختونخوا حکومت کو استعمال کرتے ہوئے ذات کو فائدہ نہیں پہنچایا۔شریفوں کی ساری تاریخ قوم کو لوٹنے سے بھرپور ہے۔شریف خاندان کی بدعنوانی چین کے ادارے نے پکڑ لی۔تحریک انصاف کا پارلیمانی بورڈ جلد کام شروع کر دے گا۔لودھراں کے الیکشن سے سبق سیکھیں گے۔شریفوں کے عدلیہ مخالف اجتماعات کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شریفوں کی عدلیہ مخالف ریلی رکوانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی عدالت سے رجوع کی آڑ میں عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے شریف باپ اور بیٹی کی جانب سے ریلی کے نام پر رچایا جانے والا تماشا اب بند ہونا چاہئیے۔ اسی طرح ریاستی ادارے کرپشن کا کھوج لگانے اور بے نقاب کرنے کے پابند ہیں، عمران خان نے یہ بھی کہا کہ شریفوں کی منطق ہے کہ جو ایک مرتبہ ووٹ لیکر آجائے وہ قانون سے بالاتر اور ہر قسم کی باز پرس سے مبرا قرار دے دیا جائے ان لوگوں کو جنوبی افریقہ کی طرف دیکھنا چاہئیے جہاں افریقن نیشنل کانگرس نے کرپشن کے الزامات پر اپنے لیڈر زوما کو گھر بھیج دیا۔اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کو بھی کرپشن کے الزامات پر پولیس کی تفتیش کا سامنا ہے کسی کا ووٹ لیکر آنا اسے قانون سے بالاتر نہیں بنا دیتا۔
عمران خان