دہشت گردی کیخلاف پاکستان کیساتھ قریبی تعاون جاری ہے: امریکی جنرل
دوہا(صباح نیوز) امریکی فضائیہ کے لیفٹیننٹ جنرل جیفری ہریجن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اورامریکہ کا قریبی تعاون جاری ہے۔انہوں نے یہ بات قطر میں مشترکہ فضائی کارروائیوں کے مرکز ال ادید سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پینٹاگون میں ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ہم اپنے قریبی اتحادی پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔افغانستان میں معطل فضائی امدادی مشن کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں امریکی جنرل نے کہا کہ انکی کمان ریزولوٹ سپورٹ کے صدر دفتر کی ضروریات جاننے کیلئے انکے ساتھ قریبی تعاون اور افغان شراکت داروں کی ضروری معاونت کررہی ہے۔ہم اہداف پر نظر رکھتے ہیں اور خاص ہدف کیلئے اپنے دستیاب اسلحہ میں سے بہترین ہتھیار کا انتخاب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی افواج کی مدد کیلئے مناسب سازو سامان کی فراہمی یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔