کراچی میں 7 ہزار ٹن کچرا بڑھ گیا‘ سندھ حکومت صورتحال بہتر کرے: سپریم کورٹ
کراچی(این این آئی)سپریم کورٹ نے وزیر اعلی سندھ کے بہنوئی آصف حیدرشاہ کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں تعیناتی کا حکم دے دیاہے۔ ہفتہ کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں واٹر کمیشن کیس کی سماعت چیف جسٹس نے لارجر بینچ کی سربراہی میں کی ۔ درخواست گزار شہاب اوستو نے بتایا کہ بڑی پیشرفت ہوئی ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کراچی میں چار تا سات ہزار ٹن کچرا بڑھ گیا ہے، مداخلت نہیں چاہتے، سندھ حکومت صورتحال بہتر کرے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کارکردگی اچھی نہیں ہے۔ آصف حیدر شاہ کا نام سنا ہے، یہ کون ہیں، جس پر چیف سیکرٹری شاہ نے بتایا کہ شاہ صاحب وزیر اعلی کے بہنوئی اور اچھے افسر ہیں ۔چیف جسٹس نے آصف حیدر شاہ کی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں تعیناتی کا حکم دیا اور ریمارکس دیئے کہ آپ کو اپنا ہی بندہ دے رہے ہیں،آج ہی تعینات کریں ۔واٹر کمیشن کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔