کراچی‘ مختلف حادثات میں خاتون سمیت 7افراد جاںبحق
کراچی(کرائم رپورٹر) مختلف حادثات میں خاتون سمیت7 افراد جاں بحق 3 زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا نصیر آباد میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ خاتون شدید زخمی ہوگئی جس کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسی ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ، لاش شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی ہے، کارساز کے قریب موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے کے باعث 3 نوجوان 22 سالہ رفیق ولد ہاشم علی ، 20 سالہ عتیق ولد رفیق اور 24 سالہ حسیب ولد خالد جاں بحق ہوگئے، متوفی نوجوان چنیسر گوٹھ اور کورنگی مہران ٹاون کے رہائشی تھے،بلدیہ رشید آباد میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ فیصل ولد محمد ظہور جاں بحق ہوگیا ، ماڑی پور گیٹ نمبر 15 کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 18 سالہ نیاز ولد مشتاق احمد جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی ماڑی پور کا رہائشی تھا،دھابیجی کے قریب ٹرین کی زد میں آکر 25 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ لاش شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی ہے، علاوہ ازیں اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں گھریلوجھگڑے کے دوران چھری لگنے سے 22 سالہ میمونہ زخمی ہوگئی ، کورنگی نمبر4 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ رئیس ولد فیاض زخمی ہوگیا، صدر ایمپریس مارکیٹ کے پاس اتفاقیہ گولی چلنے سے سیکورٹی گارڈ 25 سالہ فلک ولد ایوب زخمی ہوگیا۔
حادثات7/جاںبحق