میئر کراچی نے قبرستان مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی
کراچی(اسٹاف رپو رٹر ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ قبرستانوں کے معاملات کو درست اور شفاف بنانے کے لئے سٹی قبرستان مانیٹرنگ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ قبرستان مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ہے تاکہ قبرستانوں میں اپنے عزیز و اقارب کی تدفین کے سلسلے میں شہریوں کو درپیش مسائل حل کئے جاسکیں، قبرستانوں میں کام کرنے والے گورکنوں، چوکیداروں اور مالیوں کی رجسٹریشن لازمی کردی گئی ہے ، مقررہ شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی پر گورکنوں اور دیگر عملے کو فارغ کردیا جائے گا، قبرستانوں میں مردوں کی تدفین کے ریکارڈ کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے گا اور قبرستانوں کی حدود میں صفائی ستھرائی اور شجرکاری کی جائے گی، یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام قبرستانوں کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی،میئر کراچی کی ہدایت پر محکمہ ایچ آر ایم سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق میئر کراچی 7رکنی سٹی قبرستان مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے نوٹیفکیشن کے مطابق سٹی قبرستان مانیٹرنگ کمیٹی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام موجودہ قبرستانوں کے لئے بنائی گئی پالیسیوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرنے کے ساتھ ساتھ قبرستانوں کے لئے تیار کئے گئے ذیلی قواعد اور پالیسیوں میںوقتاً فوقتاً تبدیلیاں بھی تجویز کرے گی۔