مکتوب دوبئی
طاہر منیر طاہر
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور پاکستان میڈیکل سینٹر پاکستان کی پہچان ہیں
یہاں سے نہ صرف پاکستانیوں بلکہ دیگراقوام کے لوگوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں
پریس قونصلر شازیہ سراج کے دورہ PAD کے دوران ڈاکٹر فیصل اکرام کی بریفنگ
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے 20 ملین درہم کی لاگت سے پاکستان میڈیکل سینٹر کی تعمیر مکمل کی ہے اور اب اسے عوام الناس کے لیے کھول دیا گیا ہے جی سی سی ممالک میں غیر منافع بخش بنیادوں پر اس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر اقوام عالم کے لوگ بھی استفادہ کرسکیں گے دوسرے الفاظ میں پاکستان میڈیکل سینٹر پاکستانی عوام کی طرف سے دیگر اقوام عالم کے لوگوں کے لیے ایک تحفہ ہے پاکستان میڈیکل سینٹر دنیا کا سب سے بڑا کمیونٹی سینٹر ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ہے۔گزشتہ دنوں قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے پریس قونصلر شازیہ سراج نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے پریس قونصلر شازیہ سراج کو پاکستان میڈیکل سینٹر کا دورہ کروایا۔ اس موقع پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر اشفاق احمد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل سینٹر مخیر لوگوں کے تعاون سے بنایا گیا ہے جس میں عرصہ حاضر کی تمام جدید ترین سہولیات اور بہترین ڈاکٹرز موجود ہیں جو مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کررہے ہیں میڈلکل سینٹر میں شاہد آفریدی ہیلتھ اینڈ فٹنس سینٹر، بزنس سینٹر، ہنرکدہ، برک کیفے، آرٹس کارنر، سیمینار روم، مسجد اور ایڈمن بلاک بنائے گئے ہیں۔ پاکستان میڈیکل سینٹر میں ڈاکٹرز کا مستقل اسٹاف بھی میسر ہے جبکہ بہت سے ڈاکٹر رضا کارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل اکرام صدر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل سینٹر کے قیام کے لیے نوے فیصد امداد پاکستانیوں نے جبکہ صرف دس فیصد امداد غیر پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے آئی ہے۔ اس میڈیکل سینٹر سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ممبران کو علاج معالجہ کے لئے خصوصی رعایت بھی دی جاتی ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور پاکستان میڈیکل سینٹر دیارغیر میں پاکستان کی پہچان ہیں جس پر ہم سب پاکستانیوں کو بے حد فخر ہے پریس قونصلر شازیہ سراج نے پاکستان میڈیکل سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرکے مسرت کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو اس عظیم پراجیکٹ کو مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔