کیلیفورنیا ،آتشزدگی کے نقصانات پر توانائی فرم ریگولیٹرز کے ساتھ 1.7 بلین ڈالر کے تصفیے پر آمادہ
کیلیفورنیا کے جنگلات میں تباہ کن آتشزدگی پرامریکہ کی ایک توانائی فرم ریگولیٹرز کے ساتھ 1.7 بلین ڈالر کے تصفیے پر رضامند ہوگئی ہے ۔ 2017ءاور 2018ءمیں آگ لگنے سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ پی جی اینڈ ای فرم پر الزام ہے کہ وہ شمالی کیلیفورنیا میں گزشتہ سال آگ کی تباہ کاریوں کی ذمہ دار فرم ہے کیونکہ یہ آگ بجلی اور گیس کی ناقص لائنوں کے باعث پھیلی۔ تصفیے کے مطابق پی جی اینڈ ای کے شیئر ہولڈرز کو آگ سے ہونے والے نقصان ، آگ بجھانے کے اخراجات اور تباہ شدہ برقی ساز و سامان کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ فرم نے دیوالیہ پن سے بچنے کے لئے عدالت سے رجوع کیا ہے ۔ فرم کا کہنا ہے کہ اسے متاثرین کو کئی ارب ڈالر ادا کرنے کے لئے جون 2020ءکی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ فرم نے ان ہزاروں متاثرین کے ساتھ رواں ماہ 13.5 بلین ڈالر کے تصفیے کا بھی اعلان کیا جن کے گھر آتشزدگی کی نذر ہوئے ۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے تصفیے کی رقم کو نہایت ناکافی قرار دیتے ہوئے اس میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مذکورہ فرم کے سی ای او ولیم جانسن کو لکھے خط میں اس بات پر زور دیا کہ متاثرین کے نقصانات کا مناسب ازالہ ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ متروکہ آلات ، بجلی کے کھمبے اور تیز وولٹیج لائنیں علاقے میں آگ پھیلنے کا باعث بنیں۔ پی جی اینڈ ای پر الزام ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر توجہ نہیں دیتااور اس کی نظر صرف مالی منافع پر رہتی ہے۔