پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اٹھارہویں ترمیم کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہونے نہیں دے گی، ہم نے آمروں کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی کیا چیز ہے، ماضی میں دو آمروں نے 1973ء کے آئین کو مسخ کرکے پارلیمنٹ کے اختیارات ہتھیا لیے، ہم نے آمرپرویز مشرف کو اقتدار سے بیدخل اور آئین کو اصل صورت میں بحال کرکے جمہوریت دشمنوں سے جمہوری انداز میں حساب برابر کر دیا ،جمہوریت کو یرغمال بنا کر رکھنے والی سوچ کو عوامی طاقت سے شکست دیں گے۔
اس امر کا اظہار پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔سابق صدر اور بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو کے زیر قیادت وفد نے زرداری ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ بیان کے مطابق وفد سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اٹھارہویں ترمیم کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ ہم نے آمروں کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی کیا چیز ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ماضی میں دو آمروں نے 1973ء کے آئین کو مسخ کرکے پارلیمنٹ کے اختیارات ہتھیا لئے۔ ہم نے نہ صرف آمرپرویز مشرف کو اقتدار سے بیدخل کیا بلکہ آئین کو اصل صورت میں بحال کرکے جمہوریت دشمنوں سے جمہوری انداز میں حساب برابر کر دیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو اور محترمہ شہید بی بی صاحبہ نے ہمیں ڈرنا نہیں سکھایا۔ ہم اس سوچ کی مزاحمت کر رہے ہیں جو سوچ جمہوریت کو یرغمال بنا کر رکھنا چاہتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم عوام کی طاقت سے اس سوچ کو شکست دیں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد میں شہیدوں کا خون ہے۔ یہ پارٹی کبھی کمزور نہیں ہوگی۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے حوصلے کے ساتھ مشکلات کا سامنا کیا اور غیرجمہوری عناصرکو شکست دی۔ آصف علی زرداری نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کے انفارمیشن ونگ کو مزید بہتر اور متحرک کریں۔