سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق تحریری حکم جاری کردیا ۔ منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کیا۔سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے واضح اور غیر مبہم طور پر جے آئی ٹی بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے آگاہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے معاملے پر پنجاب حکومت کے واضح موقف پر درخواست نمٹائی جاتی ہے۔واضح رہے کہ 5 دسمبر کو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے ماڈل ٹائون میں جاں بحق خاتون کی بیٹی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکم دیا تھا کہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹائون پر نئی جے آئی ٹی بنائے، اس کی فائنڈنگز کو سامنے لایا جائے اور ٹرائل کا حصہ بنایا جائے۔17 جون 2014 کو لاہور پولیس نے ماڈل ٹائون میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی)کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا تھا۔ پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت اور پولیس آپریشن کے نتیجے میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024