وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اریبہ عباسی اور راجہ بشارت کے معاملے پر تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آئیں گے جب کہ اس حوالے سے کوئی غیر قانونی کام ہوگا اور نہ کرنے دیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوگا، اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ آڈیو لیک کے حوالے سے ابھی پتا نہیں چلا ہے، اس حوالے سے تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آجائیں گی، حکومت اداروں میں عدم مداخلت کی پالیسی پر کاربند ہے، کوئی غیر قانونی کام ہوگا اور نہ کرنے دیں گے۔ڈاکٹر اریبہ کے استعفے کی منظوری سے متعلق سوال پر ا نہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اریبہ نے اپنا استعفیٰ مجھے نہیں بلکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو دیا ہے اور وہی اس پر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کرکے اسمارٹ کارڈکا اجرا کیا جا رہا ہے، یہ کارڈ اسلام آباد میں چل رہے ہیں، ہم پنجاب میں بھی متعارف کرارہے ہیں، اس سے گاڑیوں کی رجسٹریشن میں جعل سازی کا بالکل خاتمہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس کارڈ کے استعمال کے لیے پورے پنجاب میں ساڑھے سات سو مشینیں لگائی جائے گی، اسلام آباد میں اس کارڈ کی قیمت 1500، کراچی میں 700 روپے ہے جب کہ پنجاب میں ہم 520 روپے میں فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے 100 روز کے حوالے سے مرکزی تقریب 22 دسمبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ(ن)کے رہنما حنیف عباسی کی صاحبزادی ڈاکٹر اریبہ عباسی نے راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں میڈیکل آفیسر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور سیاسی انتقامی کارروائی کا الزام لگایا تھا جب کہ اس حوالے سے پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت اور ہسپتا ل کے ایم ایس کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وزیر قانون ایم ایس کو تبادلے کی دھمکی دے رہے تھے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024