اللہ کریم میرے وطن اورعوام کی حفاظت فرمائے
روک سکو تو روک لو، تبدیلی آگئی تحریک ِانصاف کی تبدیلی سرکار آئے ہوئے تین ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو چلا ہے مگر عوام کے ساتھ ساتھ ہم بھی دوربین لگائے بیٹھے ہیں مگر دور دور تک تبدیلی کی جھلک دیکھنے سے قاصر ہیں۔ارادہ تویہ کر رکھا تھا کہ تحریک ِانصاف کی نئی آنے والی حکومت کی تبدیلی کا ثمر جب عوام کو ملنے لگے گا تو عوام کو مبارک پیش کرونگا مگر اس انتظار میں تین ماہ کا عرصہ گزر گیا مذید پانچ سال تک تبدیلی کے آثار نظر نہیں آرہے ۔راقم الحروف کو اچھی طرح یاد ہے تقریباً چار پانچ سال قبل حالات یہ تھے کہ عمران خان صرف اور صرف پریس کانفرنس پر ہی اکتفاء کرتے تھے اور پریس کانفرنس میں بھی ان کے ہمراہ صرف عارف علوی صدر ِمملکت ہی تشریف فرما ہوتے تھے جلسہ تو دور کی بات کسی شہر گلی محلہ میں کارنر میٹنگ کا انعقاد بھی تحریکیوں کا خام خیال ہی ہوتا تھا پھر رفتہ رفتہ ایسا چمتکار ہوا کے منارے پاکستان کے سائے میں ہونے والے جلسہ نے تحریکیوں کے ساتھ ساتھ عوام اور اسٹیبلیشمنٹ کو بھی حیران کر دیا جو جس جماعت سے خود نکلا یا نکالا گیا وہ تحریک ِانصاف کی چھتری پر آبیٹھا اور عمران خان نے بھی خوشی خوشی آنے والے کو گلے سے لگا لیا جب انہیں یاد کروایا گیا کہ جناب یہ آپ کیا کر رہے ہیں ؟آپ تبدیلی کا نعرہ لگا رہے ہیں آپ کی سیاست کا محور ہی جن کی کرپشن اور طرزِ حکومت کے خلاف بات کرنا اور تحریک چلانا ہے اب آپ انہیں کو گلے لگا کر اپنی جماعت میں شامل کر رہے ہیں یہ کیا ماجرہ ہے تو عمران خان نے اپنے دائیں بائیں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی اورپیچھے درجن بھر دیگر جماعتوں سے آئے ہوئے رہنمائوں کے ہمراہ بڑی شان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کے میں فرشتے کہاں سے لاوٗں ؟ اب عوام بھی اسی گھسی پھٹی قیادت سے گھسی پٹی تبدیلی ہی دیکھ رہی ہے وزیروں کی اکثریت وہی ہے جو ماضی میں بھی وزیر رہے ان میں شیخ رشید احمد ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے تحریک ِ انصاف میں شمولیت اختیارنہ کر کے اپنی الگ شناخت برقرار رکھی ان کے حوالے سے میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں کچھ لوگ وزیرہو کر بھی وزیر نہیں لگتے مگرشیخ رشید احمد جب وزیر نہیں تھے تب بھی بھرپور طریقے سے وزیر ہی لگتے تھے شیخ صاحب کی کارکردگی بہتر ہے ریلوے کی حالت کو بہتر کرنے کے حوالے سے بھرپور طریقے سے اپنا گردار ادا کر رہے ہیں مگر حکومت کی تبدیلی کی حامل کارکردگی اگر صفر رہی تو پھر اسکا اثر شیخ صاحب پر بھی پڑے گا ۔عمران خان پہلی بار تبدیلی کا نعرہ لگا کر وزیراعظم بنے ہیں عوم ابھی تک تبدیلی تو نہ دیکھ سکی مگر ایسا وزیراعظم پہلی بار دیکھ رہی ہے جس نے پہلے تین ماہ میں ہی یہ اعلان کردیا کہ انتخابات وقت سے پہلے بھی ہو سکتے ہیں اس سے قبل عوام کو ایک ہی بات سننے کوملتی تھی کے انتخابات وقت پر ہونگے توکیا وزیر ِاعظم کی طرف سے قبل از وقت انتخابات کا اعلان بھی تبدیلی کی کوئی قسم ہے ؟ اس کا جواب تو وزیر ِاطلاعات فواد چوہدری ہی دے سکتے تھے مگر انہوں نے بھی صرف عوام کو یہ کہ کر مطمعن کر دیا کہ وزیر ِاعظم صاحب نے قبل ازوقت انتخابات کی بات نہیں کی اور وزیر ِاعظم کے بیان کوغلط انداز سے لیا گیامگر ہماری اطلاعات کے مطابق محترم وزیر ِاعظم عمران خان نے قبل از وقت انتخابات کی بات کی ہے اور انکی خواہش ہے کہ ایوانِ اقتدار میں انکی حکومت کو دو تہائی اکثریت مل جائے اور یہ خواہش دوبارہ انتخابات کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔ حکومتی اکابرین کی یہ خواہش اور کوشش بھی ہے کہ دونوں بڑی پارٹیوں کی قیادت کو سیاسی کردار ادا کرنے سے محروم کر دیا جائے اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں ؛
دوسری طرف نئے بننے والے وزیر حیرت میں ہیں کہ کیا واقعی ہم مملکت ِخداداد کے وزیر بن چکے ہیں ویسے ہی محترمہ مریم نواز ابھی تک اپنی گرفتاری کے شاک سے باہر نہیں نکلی ان کا وزن بتدریج کم ہو رہا ہے کیپٹن صفدر سخت بیمار ہیں اورایک طرف حکومت کو آصف زرداری سے زیادہ خطرہ بلاول بھٹو سے ہے اسی لئے بلاول بھٹو کے گرد بھی گھیرہ تنگ کیا جا رہاہے ؟۔ ایک تبدیلی وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کے حالیہ سعودی عرب کے دورہ کے دوران دیکھنے میں آئی جس میں حج 2019 ئ کے لئے ہونے والے مھائدے سمیت تمام سعودی اداروں سے ملاقاتوں میں محترم وفاقی وزیر نے کسی مترجم کے بغیر پاکستانی موقف خود پیش کیا ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا کے وزیر مترجم کے بغیر کسی میٹنگ میں شریک ہوا ہو یا عربی خود بولی ہوایسا دیکھ کر ضرور سعودی وزیر کو بھی حیرانی کے ساتھ ساتھ یہ بھی محسوس ہوا ہو گا کہ پاکستان میں اس حد تک تو تبدیلی آئی راقم کا متعدد بار وفاقی وزیر سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے انکی شخصیت کے اور پہلو جاننے کیلئے ان سے سوالوں وجواب کی ایک خصوصی نشست کا اہتمام کرنا پڑے گا۔ شائد اس نشست میں وہ بتا سکیں کہ عربی میں موقف پیش کرنے کے باوجود پاکستان کے حج کوٹہ میں آبادی کے تناسب سے اضافہ کیوں نہیں ہو سکا ۔اللہ تعالیٰ میرے وطن اورعوام کی حفاظت فرمائے آمین