مختار بیگم ڈسپنسری احمد آباد کو ڈاکٹر،دیگر عملہ اور دیگر سہولیات سے آراستہ کیا جائیگا
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سٹیشن کمانڈرراولپنڈی کینٹ بورڈ بریگیڈئر شہزاد تنویر نے کہا ہے کہ مختار بیگم ڈسپنسری احمد آباد کو بھر پور طبی سہولیات کے ساتھ چلایا جائے گا اور قابل ڈاکٹر سمیت پورا عملہ بھی کینٹ بورڈ فراہم کرے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد آباد میں ڈسپنسری کے دورہ کے موقع پر کیا ان کے ہمراہ سی او سبطین رضا ،کرنل مکرم ،ممبر کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال ،چئیرمین لکھن راجہ فیصل،نمبردار فخر اقبال اور ناصر محمود مغل بھی تھے۔شہزاد تنویر نے کہا کہ اس ڈسپنسری کا جلد افتتاح کیا جائے گا اور یہاں میڈیکل عملہ مفت ادویات مہیا کیے جانے کے علاوہ ایکسرے،الٹرا ساونڈ،لیبارٹری ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے ۔ تا کہ اس آبادی کے صحت اور میڈیکل کے مسائل حل کیے جا سکیں علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ احمد آباد میں پانی کی کمی کے مسئلہ پر بھی جلد قابو پا لیا جائے گا۔ اس موقع پر حاجی ظفر اقبال اور راجہ فیصل نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا احسن اقدام ہے کیونکہ چار سال سے ان کی عطیہ کی گئی زمین پر ڈسپنسری کی عمارت تو تعمیر ہو چکی تھی لیکن علاج معالجہ کی سہولیات نہیں تھیں ۔جو کہ اب انشا اللہ جلد شروع ہو جائیں گی ۔