بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اسرائیلی معاونت سے نسل کشی کر رہا ہے‘ فضل الرحمنٰ خلیل
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی معاونت و مشاورت کے ساتھ انسانی نسل کشی کر رہا ہے۔ جو خطے کے امن ،استحکام اور سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے ہر عالمی و علاقائی فورم پر آواز بلند کرنا ہوگی۔مقبوضہ وادی کے مجبور ، مقہور اور نہتے عوام کو ہندوستان کے ریاستی جبر سے نجات دلانے کے لئے اسلامی دنیا کو بھی فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی روشنی میں اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق رکھتے ہیں۔جبکہ ہندوستان اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کے لئے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو لاٹھی، گولی، تشدد ،کرفیو اورجیسے گھناؤنے ہتھکنڈوں کے ذریعے دبا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکمرانوں کو حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے سمجھ لینا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر کے حساس ترین علاقائی و عالمی مسئلہ کا منصفانہ حل ہندوستان کے مثبت رویے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ہم عالمی قوتوں کو بھی باورکروا دینا چاہتے ہیں کہ برصغیر کا امن مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ وابستہ ہے۔ اگر عالمی برادری نے اس طرف توجہ نہ دی تو یہ علاقہ خونریز جنگ کی آماجگاہ بن جائے گا۔