’’مسلمان اسرائیل چھوڑ دیں‘‘ متنازعہ پوسٹ پر نیتن یاہو کے بیٹے کا فیس بک بلاک
تل ابیب (نیٹ نیوز) سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ فیس بک نے اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے بڑے بیٹے یائر بنجمن کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف پوسٹ کرنے پر ان کا فیس بک پیج بلاک کر دیا۔ اے ایف پی کے مطابق یائر بنجمن نے ٹویٹ کیا کہ فیس بک نے مسلم مخالف پوسٹس کی وجہ سے ان کے پیج کو 24 گھنٹے کیلئے بلاک کر دیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ فیس بک کے اس اقدام کو آمریت قرار دے دیا۔ فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں یائر نیتن یاہو نے تمام مسلمانوں سے اسرائیل چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔ کیا آپ جانتے ہیں حملے کہاں نہیں ہوتے؟ آئس لینڈ اور جاپان میں جہاں اتفاق سے مسلمان نہیں ہیں۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ قیام امن صرف دو صورتوں میں ممکن ہے۔ تمام یہودی اسرائیل چھوڑ دیں یا سارے مسلمان اسرائیل چھوڑ دیں۔ میں دوسرے آپشن کو ترجیح دیتا ہوں۔