شدید سردی، سکردو کا درجہ حرارت منفی 11ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا
کراچی ،اسلام آباد ، سکردو (صباح نیوز) ملک بھر میں ٹھنڈی ٹھار ہوائوں نے ڈیرے ڈال لئے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، سکردو ملک کا سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، دوسری جانب کراچی میں بھی رواں برس موسم سرما کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ صبح 9 بجے اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ استور میں منفی 9، گوپس و کالام میں منفی 8، چلاس میں 3 اور چترال میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا، کوئٹہ اور قلات میں پارہ منفی 6 ڈگری تک گر گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ صبح 8 بجے شہر کا درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو رواں سال کراچی میں موسم سرما کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔سندھ کے دیگر شہر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔