نیو سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی دھوکہ دے رہی ہے‘ زاہد اعوان
کراچی (کامرس رپورٹر)چیئرمین فریش فروٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن زاہد اعوان نے کہا ہے کہ نیو سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی تاجروں سے سپریم کورٹ کے نام پرغلط بیانی کر رہی ہے ،مارکیٹ کمیٹی اپنے ذاتی مفاد کی خاطر تاجروں کی جائز دکانوں کی غیر قانونی قرار دینے کی کوشش کرتے ہوئے ناجائز آپریشن کرواکر ہزاروں تاجروں کا نقصان کروانا چاہتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین فریش فروٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن زاہد اعوان نے اپنے دفتر میں آئے ہوئے تاجروں سے ملاقات کے دوران کیا، انہوں نے الزام لگایاکہ مارکیٹ کمیٹی خود ایک کرپٹ کمیٹی ہے جس کا م میں خود ممبر ہوں اور میںنے ایک سال پہلے کمیٹی کی کرپشن کی خلاف اینٹی کرپشن اور نیب میںدرخواست دی تھی۔ اگر کوئی تاجر غیر قانونی کام کررہا ہے تو اس کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے اسے نوٹس دیا جائے اور اسے اپنے کاغذات پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے حکم کے تابع ہیں مگر مارکیٹ کمیٹی تاجروں کی جائز دکانوں کو غیر قانونی قرار دے کر سپریم کورٹ کو گمراہ کر رہی ہے اور تاجر کمیٹی کا مقصد تاجروں کی دکانوں کو خالی کرواکر بیچنا ہے۔ ہم نے فروٹ مارکیٹ کی کرپشن اوربلاوجہ آپریشن کے خلاف پر امن احتجاج کیا تھاجس پر پولیس نے زیادتی کرتے ہوئے تاجروں کے خلاف ایف آئی ار کاٹی جس میں19تاجر نامزد کئے اور 600نامعلوم افراد کے نام ڈال دئے گئے اوررات کے 1بجے بلاوجہ گرفتاریاں کی گئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ اس معاملے کا نوٹس لے۔