کراچی میں دو روزہ فوک اسٹوری ٹیلنگ کانفرنس ختم
کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں دو روزہ فوک اسٹوری ٹیلنگ کانفرنس صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثہ کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس میں میوزک، ڈانس اور ڈرامہ کے ساتھ منسلک فنکاروں، مصنفین اور ثقافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت اور اپنے تجربات شیئرز کئے۔ اس کانفرنس کا انعقاد ایک غیر سرکاری تنظیم انٹرایکٹو ریسورس سینٹر (IRC) نے پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے تعاون کے ساتھ کیا تھا۔ آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے اور سینیٹر کرشنا کمہاری مہمانِ خصوصی تھیں۔ اس موقع پر امریکی سفارتخانے کے کلچر افیئرآفیسر اسٹیفن والن بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں نورالھدٰی شاہ، اویس توحید، اعجاز گْل، عبداللہ بلوچ، عاصم تیوانہ اور اشفاق سہمو سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی اورلوک کہانی میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے دوسرے دن کا آغاز ڈاکٹر فوزیہ سعید کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کہاکہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ثقافت اور ورثہ ماہرین، پریکٹیشنرز اور ماہرین کی جانب سے ٹریننگ سیشنزکے ذریعے لوک روایات کو بحال کرنا تھا۔ انٹرایکٹو ریسورس سینٹر(IRC)کے ہیڈ محمد وسیم نے کانفرنس کے پہلے دن افتتاحی خطاب میں شرکاء کا شکریہ اداکیا جبکہ پنجابی لوک گلوکارہ بشریٰ صادق نے "ہیر"پڑھی۔ کانفرنس میں واشنگٹن سے ویڈیولنک خطاب میں ڈاکٹر پال ٹیلرنے کہاکہ پاکستان میں اپنے قیمتی ثقافتی ورثہ کو محفوظ رکھنے اور کلچر کے شعبے میں کام کرنے کے وسیع مواقع موجودہیں۔