جامعہ اردو فارمیسی کے 250 طلبہ کی رجسٹریشن کیساتھ ڈگریاں جاری کرے: سپریم کورٹ
کراچی(این این آئی) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے وفاقی جامعہ اردو شعبہ فارمیسی کے 250 طلبہ کی رجسٹریشن اور پاس آئوٹ ہونے والے طلبہ کو ڈگری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ وفاقی جامعہ اردو کے 250طلبہ کی رجسٹریشن اور دوبارہ امتحان لینے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف فارمیسی کونسل آف پاکستان کی اپیل کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔ عدالت نے فارمیسی کونسل آف پاکستان کی اپیل مسترد کر دی۔ دوران سماعت فارمیسی کونسل کے وکیل نے کہا طلبہ کی رجسٹریشن کے لیے تیار ہیں لیکن پاس آئوٹ ہونے والے طلبہ کو دوبارہ امتحان دینا ہوگا، جس پر جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے وہ رول دکھا دیں جس کے تحت دوبارہ امتحان لیاجاسکتا ہو۔ وکیل نے کہا طلبہ کے امتحان میں بے ضابطگیاں ہوئی تھیں۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کیا یہ بے ضابطگیاں طلبہ و طالبات نے کی تھیں؟ آپ انہیں کس جرم کی سزا دے رہے ہیں۔رجسٹرڈ کرنے اور پاس آئوٹ ہونے والوں کو ڈگری جاری کرنے کے عدالتی حکم پر طلبہ خوشی سے نہال نظر آئے۔