لیاقت جتوئی نے بیرون ملک جانے سے روکنے پر سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
کراچی (صباح نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور سابق وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی لیاقت علی خان جتوئی نے ایف آئی اے کی جانب سے بیرون ملک جانے سے روکنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ تاہم عدالت نے قرار دیا ہے کہ فریقین کو سننے کے بعد ہی انہیں باہر جانے کی اجات دینے کے حوالہ سے فیصلہ کیا جائے گا۔ لیاقت علی خان جتوئی کو ایف آئی اے نے دبئی جانے سے روک دیا تھا۔ لیاقت جتوئی نے پیر کے روز سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انہیں ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روکا گیا ۔ امیگریشن حکام نے انہیں بتایا کہ وہ بیرون ملک نہیں جا سکتے۔ لیاقت جتوئی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کا ریفرنس زیر سماعت تاہم وہ باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے ہیں اس لیے کوئی جواز نہیں کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے ۔ لیاقت جتوئی نے کہا کہ دبئی میں ان کی صاحبزادی بیمار ہیں جن کی عیادت کے لیے جانا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے درخواست پر جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ جب تک فریقین کو نہیں سنا جاتا ہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے۔