تاج محل
لارڈ ریڈنگ 1921-26 انڈیا میں تاج برطانیہ کے وائسرائے رہے، ان کی بیگم کی وجہ شہرت پشاور کا معروف زمانہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال ہے۔ خاتون سیر و تفریح کی شوقین تھیں۔ شوہر کے ہمراہ آگرہ کا تاج محل وزٹ کیا تو احاطہ میں داخل ہوتے ہی مبہوت ہو گئیں۔ حواس میں آئیں تو بولیں وہ محبت کیسی ہوگی جس کی نشانی اس قدرعظیم ہے۔
شوہر نے ہاں، ہوں کردی، پھر اس کی گردن میں بانہیں حمائل کرتے ہوئے محترمہ نے ایک عجیب فرمائش کر دی، کہ اگر تم میری قبر پر ایسا شاندارمقبرہ بنوا دو، تو میں آج ہی مرنے کے لئے تیار ہوں۔ وائسرائے مسکرائے اور بولے ، تم اسے محبت کہتی ہو؟ کچھ پتہ بھی ہے، بدنصیب تیرھویں بچے کی پیدائش پر فوت ہوئی تھی۔