محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے زیادہ تر بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ پنجاب کے اکثر میدانی علاقوں اور خیبر پختونخواہ کےوسطی علاقوں میں شدید دھند پڑی جبکہ ملک کے زیادہ تر پہاڑی علاقے شدید سرد ہواؤں کی لپیٹ میں رہے۔ آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات اور پارا چنار میں منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کےعلاوہ کالام میں منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت اسلام آباد میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ، کراچی بارہ، لاہوراورفیصل آباد چار،پشاور دو، ملتان چھ، کوئٹہ اورگلگت منفی چھ ،مظفر آباد صفر ،اور مری میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔