پی ٹی آئی حکومت کا ایک سال ایسا نہیں کہ یادرکھا جائے,وفاقی وزرا سے کہتا ہوں،تصویریں بنوانا چھوڑیں اورکام کریں:وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا ایک سال ایسا نہیں کہ یادرکھا جائے ،انہوں نے خود کام کیا نہ صوبوں کو کچھ کرنے دیا۔ اسٹاک مارکیٹ 29ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرادی گئی۔ ڈالر30فیصد اورپٹرول کی قیمتیں بڑھنا پی ٹی آئی حکومت کاکارنامہ ہے۔وفاقی وزرا سے کہتا ہوں، تصویریں بنوانا چھوڑیں اورکام کریں۔ دھرنا پارٹی نہیں جو روڈ پر کھڑا ہوجائیں بلایاگیا تو ضرور جائونگا، سندھ کے حقوق پر بات کرونگا۔کوشش ہے سندھ کو سرسبز بنائیں، پولی تھین بیگز پر یکم اکتوبر سے پابندی لگا رہے ہیں،پلاسٹک بیگز کامتبادل دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے ایک سال پورا ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلاایک سال بھولنے کیلئے ہے کیونکہ یہ بھیانک خواب سے کم نہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے 2012سے اب تک کئی بار نااہل قرار دینے کی کوششیں ہو چکی ہیں ،میں نے قبول کیا تھا دہری شہریت ہے اورچھوڑبھی دی تھی۔پی ٹی آئی سے کہتا ہوں آگے بڑھیں اور حکومت کریں۔ تصویریں بنوانا چھوڑیں اور کام کریں۔سید مراد علی شاہ نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت خودتوکام نہیں کر سکی صوبوں کو بھی نہیں کرنے دیا،صوبوں کے کام میں رخنے ڈالے گئے۔مہنگائی کے دور میں اگر وفاقی حکومت پیسے کم دے تو کیسے چلے گا،ان لوگوں نے ہسپتالوں کیساتھ مذاق کیا تھا،پنجاب کے ہسپتالوں میں ٹیسٹنگ کیلئے پیسے لینا شروع کر دیئے ،پوری کوشش ہے لوگوں کو جلد ازجلدتکلیف سے نکالیں ،وفاق نے 162 ارب دینے کا کہاگیا لیکن ابتک نہیں آئے۔صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈرز کے صلاح مشورے سے عہدے تبدیل ہوئے ہیں۔سندھ حکومت کے خاتمے سے متعلق سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ارکان کے حوصلے توڑنا ان کی بھول ہے۔ جیالے توآمروں کیسامنے بھی ڈٹ گئے،یہ خود کو سنبھالیں۔ بلاول کی قیادت میں پارٹی متحد ہے ، آصف زرداری پہلے بھی جیل جا چکے ہیں ،ہم ڈکٹیٹر کے سامنے سینہ تان کر کھڑے رہے ،یہ لوگ کیا کریں گے جو یہ چاہتے ہیں وہ نہیں ہو گا۔وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم آئیں تو وزیر اعلی آجائیں وزیر اعلی ایسے نہیں جاتے، وزیر اعظم سے ملنے والوں کے نام لکھے اور لسٹ بنائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دھرنا پارٹی نہیں جو روڈ پر کھڑا ہوجائیں بلایا جائے گا تو ضرور جائوں گا سندھ کے حقوق پر بات ضرور کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم پورے سندھ میں چل رہی ہے،کراچی میں سبزے اوردرختوں کی بہت کمی ہے،کوشش کریں گے سندھ کو سرسبز بنائیں،صرف پودا لگانا نہیں،درخت کی حفاظت کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولی تھین بیگز پر یکم اکتوبر سے پابندی لگا رہے ہیں،پلاسٹک بیگز کامتبادل دیں گے،کے ایم سی کو نالوں کی صفائی کیلئے 550ملین دیئے تھے،ماحول بہترکرنے کیلئے بھی کچھ دن پہلے مہم شروع کی تھی جو اب بھی جاری وساری ہے۔