پلاسٹک بیگز پر پابندی، مسائل اور مواقع کے موضوع پر سیمینار کل ہوگا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی(SDPI) کے زیر انتظام’’اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی، مسائل اور مواقع‘‘ کے موضوع پر سیمینار(کل) پیر19 اگست کو ہوگا جس میں وزیرمملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔ غیرسرکاری و غیرمنافع بخش ادارہ ایس ڈی پی آئی عوامی مسائل کے حل اور آگاہی کے حوالے سے مختلف موضوعات پر سیمینارز اور مباحثوں کا انعقاد کرتا ہے۔ ایس ڈی پی آئی سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیمینار سے ایس ڈی پی آئی کی ماحولیات کے شعبہ کی ماہر مریم شبیر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات، نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ انجینئرنگ سائنسز کے پروفیسر عثمان چوہدری اور ایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سابق سفیرشفقت کاکا خیل بھی خطاب کریں گے۔ سیمینار میں شرکت کے حوالے سے شراکت داروں سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افرادکو شرکت کی دعوت عام دی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے حوالے سے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے فیصلہ، اس کے مسائل اور امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔