پلانٹ فار پاکستان مہم کے آغاز پر ہر پاکستانی دو پودے لگائے: امین اسلم
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ18 اگست کو پلانٹ فار پاکستان مہم کے آغاز پر ہر پاکستانی دو پودے لگائے، ایک پاکستان اورایک کشمیرکیلئے، پلانٹ فار پاکستان مہم کا موضوع ’’ایک بشر دو شجر‘‘ منتخب کیا گیا ہے۔ مودی کی قیادت میں ہندو توا کے منصوبے ناکام ہونگے اور انشاء اللہ کشمیر جلد آزاد ہوگا،مقبوضہ کشمیرمیں مودی کی سیاہ کاریوں کے باعث اس کا سیاہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے، ملک میں سیلابوں کی سب سے بڑی وجہ پلاسٹک کے شاپر بیگز ہیں جو ماحولیاتی آلودگی کا بھی سبب بنتے ہیں، پلاسٹک بیگز پر پابندی سے نئی کاٹیج انڈسٹری بنے گی، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کرائی جائیں گی۔ نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام کے دوران وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم اب پوری دنیا کے سامنے عیاں ہورہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 50سال سے سرد خانے میں ڈالا جانے والا مسئلہ کشمیر اب اقوام متحدہ کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو معصوم اورنہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خاتمہ کیلئے ہوش کے ناخن لینا ہونگے اور اس مسئلہ کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری 12روزہ کرفیو سے پوری وادی میں کھانے پینے اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں جانے والے صحافیوں نے بلیک انڈیا کی خوفناک کہانیاں بیان کی ہیں جس کی وجہ سے بلیک انڈیا ساری دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ جب مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا اورحالات پوری دنیا کے سامنے آئیں گے تو کشمیرآزاد ہوجائے گا۔موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کی ایک سالہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت نے پورے ملک میں 10ارب درخت لگانے کا ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے، ہم نے گذشتہ پانچ سال کے دوران خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگا کر پوری دنیا کو دکھایا ہے جس کی بین الاقوامی برادری تصدیق بھی کرتی ہے اور یہ پراجیکٹ دنیا بھرمیں جنگلات کا ایک ماڈل بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرسمیت وفاقی دارالحکومت کیلئے 7 پی سی ون تیارکئے گئے اور شجر کاری کے حوالے سے 7 مختلف ماڈل بنائے جن کی منظوری ہوچکی ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ رواں سال 10 ارب درختوں کے منصوبہ کیلئے 7.5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ آئندہ 4 سال میں اس منصوبہ پرمزید 125 ارب روپے کے اخراجات ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہ سے گرین جابز کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے گذشتہ ایک سال کے دوران ملک سے پلاسٹک کے بیگز کے خاتمہ کیلئے قانون سازی کی جس کی منظوری دی جاچکی ہے اور وفاقی دارالحکومت میں 14 اگست 2019ء سے پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ60 تا70ارب پلاسٹک بیگز بنائے جاتے ہیں جو تلف نہیں ہوسکتے اورماحولیاتی آلودگی کا ایک بڑا ذریعہ بن چکے ہیں اور پلاسٹک بیگز ملک کیلئے ایک عذاب تھا جس سے پاکستان کو بچانا ہوگا۔