فریال کی اڈیالہ جیل منتقلی کیخلاف پیپلزپارٹی کے لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے
لاہور ، کراچی ( نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے پر تشدد و غیر جمہوری اقدامات، فریال تالپور کی ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقلی کے خلاف سندھ اسمبلی سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔لاہور، کوئٹہ میں احتجاج کیا گیا۔ پیپلز پارٹی وومن ونگ سندھ کی جانب نکالی گئی ریلی اور احتجاجی مظاہرے میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، صدر پی پی کراچی وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی سمیت خواتین ایم این ایز اور ایم پی ایز سمیت سینکڑوں خواتین کارکنوں نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے میں صوبائی وزیر ہیومن سیٹلمنٹ سندھ صدر پی پی ضلع ملیر غلام مرتضیٰ بلوچ بھی شریک تھے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک میں سویلین ڈکٹیٹر شپ اور فرعونیت کی حکمرانی قائم کر دی گئی ہے۔ اپوزیشن رہنمائوں اور حکومتی شخصیات کے لیے الگ الگ احتساب ہے۔صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ نیازی حکومت نیب گردی سے ڈرا نہیں سکتی، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے ہمیشہ آمرانہ اقدام کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے۔ ادھر لاہور میں اعتزاز احسن کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں جیالوں نے شرکت کی۔