مودی نے بربادی کا راستہ چن لیا، پہل کرنے والا جلے گا: سراج الحق
لاہور،مریدکے (نیوز رپورٹر،نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی نے تباہی اور بربادی کا راستہ چنا ہے ۔ایٹمی اسلحہ چلانے میں پہل کرنے والا پہلے خود جلے گا ۔راج ناتھ کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ اقلیتیں سمجھ رہی ہیں کہ وہ انڈیا میں محفوظ نہیں ۔مودی کا زوال شروع ہوچکا ہے ۔ ہندوستان کے اندر ایک نیا پاکستان بنے گااور پسے ہوئے طبقے کو ہندوئوں کے ظلم و جبر اور استحصالی نظام سے نجات ملے گی۔ حکومت ایل او سی پر لگی باڑ کوگرائے اور بھارت کے ساتھ سابقہ معاہدے ختم کیے جائیں۔ طویل عرصہ کے بعد مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کے اجلاس پر بالا ٓخر دنیا نے اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کرکے کشمیر یوں کے انسانی حقو ق غصب کررکھے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایل او سی پر شہید ہونے والے تیمور اسلم کے گھر شہید کے والدین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جماعت اسلامی مریدکے کے زیر اہتمام 'جیوے پاکستان کبڈی میچ' کے اختتام پر مقامی رہنما ؤں حاجی محمد اسلم کمبوہ، صداقت علی صداقت اور چودھری زاہد عمران کوروٹانہ ، ڈاکٹر اعجاز قمرکے ہمراہ مقامی قیادت سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی افواج کے ساتھ ساتھ بائیس کروڑ عوام بھی سپاہی کی طرح اپنے وطن کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے تیار ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد کو کامیابی کی منزل تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر جارحیت کرکے پاکستانی فوجیوں کو شہید کیا ہے جس سے اس کا جنگی جنون پوری دنیا پر آشکار ہو گیا ہے مگر افواج پاکستان کے حوصلے مزید بڑھے ہیں جو بھارتیوں کی نیندیں حرام کرنے کے لیے کافی ہیں۔ شاندار کبڈی میچ کے انعقاد پر جماعت اسلامی اور یوتھ ونگ کی مقامی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ حکومت بھی صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کھیلوں کو فروغ دے۔