امریکہ: جیل انتظامیہ کے افسر نے گاڑی مظاہرین پر چڑھا دی‘ متعدد افراد زخمی
واشنگٹن (اے پی پی) امریکا میں جیل انتظامیہ کے ایک افسر نے جیل کے باہر مظاہرہ کرنے والے ہجوم پر اپنی گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔واشنگٹن پوسٹ کی ویب سائٹ کے مطابق ریاست روڈ آئی لنڈ کے شہر وایاٹ کی جیل کے باہر لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا کہ اچانک جیل کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے ان پر حملہ کردیا۔ مظاہرے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ جیل انتظامیہ کے سیکورٹی افسر نے اپنی گاڑی ہجوم پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنھیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ جیل انتظامیہ کا افسر حملے کے وقت اپنی وردی بھی پہنے ہوئے تھا ۔مظاہرے کے شرکا کا تعلق نیور اگین ایکشن گروپ سے تھا جو پورے ملک میں تارکین وطن کے لئے بنائی گئی جیلوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔