وزیراعظم ٹین بلین ٹری پروگرام ،وائس چیئرمین ایل ڈیل اے نے شجرکاری مہم کاافتتاح کردیا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے وزیراعظم عمران خان کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت کینال روڈ پر واقع ٹیک سوسائٹی میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ارکان ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا ‘انجینئر عامر ریاض قریشی‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم اور چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی نے بھی شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے۔وزیراعظم کے اس پروگرام کے تحت رواں مون سون کی شجر کاری مہم کے تحت پنجاب میں 90 لاکھ نئے پودے لگائے جائیں گے۔رواں موسم برسات کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز نے لاہور ڈویژن کی حدود میں واقع تمام منظور شدہ رہائشی سکیموں کو ان کے رقبے کے پیش نظر سے کم از کم دو ہزار سے 20ہزار تک نئے درخت لگانے کا ٹاسک دیا ہے۔ ایل ڈی اے کی طرف سے ان سکیموں کو رقبے کے اعتبار سے 15پودے فی کنال لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایل ڈی اے نے ان سکیموں کی طرف سے شجر کاری یقینی بنانے اور اس کام کی نگرانی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اورتمام منظور شدہ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے مالکان/سپانسرز او ر ڈویلپرز کو ہدایت کی ہے کہ منظو ر شدہ سکیم پلان کے مطابق اپنی سکیم کے تمام پارکوں اور گرین بیلٹس کو جلد از جلد ڈویلپ کریں۔