پی ٹی آئی حکومت عالمی حالات سے بے خبر‘ سیاسی قیادت کے پیچھے پڑی ہے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (وقائع نگار)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کاطوفان برپا ہے اوراس اہم مسئلے سے توجہ ہٹانے کے لیے وفاقی حکومت کے وزراء لوگوں کو لٹکانے کی بات کررہے ہیںحالانکہ یہ لوگ خود نظر نہیں آرہے ہیں-یہ بات انہوں نے تھانہ احمد خان میںصوبائی اسمبلی کے ممبر ملک اسد سکندر کی والدہ کے سوئم کے موقع پرمیڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی - انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے کچھ وزراء ملک کو درپیش مہنگائی جیسے اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے غیر ضروری بیانات دے رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری ایک افسوسناک عمل ہے کیونکہ سابق صدر نے نیب سے مکمل تعاون کیا اور ہرپیشی پرحاضر ہوئے پھر بھی انہیں گرفتار کیا گیا-انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے -انہوں نے کہا کہ عالمی حالات سے بے خبر رہنے والی حکومت ملک کی سیاسی قیادت کے پیچھے پڑی ہوئی ہے جس سے انتشار مزید بڑھے گا - ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے تمام ایم پی ایز ، ایم این ایز اور تمام کارکنان متحد ہیں اورہمارے پارٹی لیڈرز پر اگر کوئی دبائو ڈال رہا ہے تو ہم اس کا سامنا کریں گے۔