کشمیر ایشو پر یو این کا اجلاس حکومت کی بڑی کامیابی
مکرمی! یہ پی ٹی آئی حکومت کی بڑی کامیابی ہے جس نے 50 سال بعد کشمیر کے ایشو پر اقوام متحدہ کا اجلاس بلا کر بھارت کی یہ رٹ توڑ دی کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور یہ اس کا اندرونی معاملہ ہے ۔ اقوام متحدہ کے اجلاس میں واشگاف کہا گیا ہے کہ کشمیر نہ بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی یہ اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ یہ سارا کریڈٹ ہمارے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو جاتا ہے۔ پاکستان نے جس طرح اپنی بہترین سفارتکاری کے ذریعے دنیا سے کشمیر پر اپنا موقف منوایا اب یہ سفارت کاری اسی طرح جاری رہنی چاہیے تاکہ اب کشمیر کا مسئلہ حل ہوکر ہی رہے جس کیلئے عالمی برادری کے ذریعے بھارت پر دبائو ڈلوانے کی ضرورت ہے۔ حکومت کو بھارت کیخلاف یہ بھی مہم چلانی چاہیے کہ عالمی برادری بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دے‘ وہ ایک عالمی غنڈہ ہے جو خطے میں ایٹمی جنگ کو ہوا دے رہا ہے۔ جب تک وہ پاکستان سے کشمیر پر بات چیت نہیں کرتا‘ اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔ اقوام متحدہ کے اجلاس کے بعد اب شملہ معاہدے کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی‘ بھارت پر واضح کردیا جائے کہ اب جو بات ہوگی‘ وہ یواین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے ہوگی۔ کشمیر ایشو پر یواین کا اجلاس بارش کا پہلا قطرہ ہے‘ اگر پاکستان نے اپنی سفارتکاری اسی طرح جاری رکھی تو انشاء اللہ جلد ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘۔ اس مہم میں ہمارا میڈیا بہترین کردار ادا کر سکتا ہے۔ (ڈاکٹر سلیم اختر لاہور)