خواتین کی زندگی اس سے بہت بہتر ہے جتنی ٹی وی پر دکھائی جاتی ہے ٗ اداکارہ کبریٰ خان
لندن (این این آئی)برطانوی نژاد پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے کہا ہے کہ خواتین کی زندگی اس سے بہت بہتر ہے جتنی ٹی وی پر دکھائی جاتی ہے ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں کبریٰ خان نے بتایا کہ پاکستان آنے سے قبل ان کے ذہن میں یہاں کے حوالے سے بہت سے منفی خیالات موجود تھے تاہم وہ پاکستان آنے کے بعد بالکل سرپرائز ہوگئیں۔کبریٰ نے بتایا کہ پاکستان میں ایک خاتون کی زندگی اس سے آدھے فیصد بھی بری نہیں جتنی ٹی وی پر دکھائی جاتی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ جیسے ہی میں نے پاکستان میں قدم رکھا میری سوچ اس ہی وقت تبدیل ہوگئی ٗمیں نے اپنی پوری زندگی برطانیہ میں گزاری ہے اور ایمانداری کی بات کی جائے تو میں ہمیشہ یہی سوچتی تھی کہ پاکستان میں تنگ نظر لوگ رہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مجھے بعد میں احساس ہوا کہ میں غلط سوچتی تھی، میں جب یہاں آئی ٗمجھے سب بہت ماڈرن ذہنیت کے لگے، کوئی بھی تنگ نظر نہیں ہے۔یاد رہے کہ کبریٰ خان نے پاکسانی سینما میں 2014 کی فلم ’نامعلوم افراد‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا ٗرواں سال عید الضحیٰ پر ان کی دو فلمیں جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ ریلیز ہوہوگی۔